خیبرپختونخوا: پولیس اور سی ٹی ڈی کے لیے 5 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری

News Image

خیبرپختونخوا حکومت نے دہشت گردی سے متاثرہ مخصوص اضلاع اور دیگر خطوں کے لیے 5 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ سینٹرل پولیس آفس کے مطابق مالی سال 2026-27 کے دوران پولیس کے جاری منصوبوں کے لیے بقایا فنڈز کی فراہمی عمل میں لائی گئی ہے۔ یہ فنڈز امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر جاری کیے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا پولیس کے 9 منصوبوں کے لیے ایک ارب 3 کروڑ 68 لاکھ 75 ہزار روپے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ ایکسلریٹڈ امپلیمنٹیشن پروگرام (اے آئی پی) کی اسکیموں کے لیے 4 ارب 26 کروڑ 75 لاکھ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ اسی طرح مخصوص اضلاع میں پولیس کو جدید تکنیکی وسائل سے لیس کرنے کے لیے ایک ارب 86 کروڑ 75 لاکھ روپے دیے گئے ہیں۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے کے فیز ون اور فیز ٹو کے لیے الگ الگ ایک ارب 20 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ صوبے کی ہر تحصیل اور ٹاون ہیڈکوارٹر میں ماڈل تھانوں کی فزیبلٹی اسٹڈی اور تعمیر کے لیے 2 کروڑ 70 لاکھ روپے جاری ہوئے ہیں۔ پولیس اسٹیشنز کی تعمیر اور بحالی کے منصوبے کے لیے بھی 2 کروڑ 70 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ سی ٹی ڈی کے ریجنل ہیڈکوارٹرز کی فزیبلٹی اسٹڈی اور تعمیر کے لیے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے، جبکہ صوبے میں پولیس انفرا اسٹرکچر کی فزیبلٹی کے لیے بھی ایک کروڑ 80 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ چارسدہ میں پولیس اسٹیشن مندنی کی تعمیر کے لیے 3 کروڑ روپے اور مردان میں 5 پولیس چوکیوں کی تعمیر کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی کے ضلعی سیٹ اپ اور پشاور ریجنل سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر کی تعمیر کے لیے 60 کروڑ 48 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایف آر پی پولیس لائنز پشاور کی موجودہ عمارت کی بحالی، ڈھانچے کی مرمت، تبدیلی اور توسیع کے لیے 18 کروڑ 87 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ ٹانک میں پولیس لائنز کے لیے اراضی حاصل کرنے کی مد میں عدالتی ڈگری شدہ واجبات کی ادائیگی کے لیے 4 کروڑ 70 لاکھ روپے جاری ہوئے ہیں۔ سینٹرل پولیس آفس کا کہنا ہے کہ تمام اخراجات طے شدہ طریقہ کار اور مدت کے اندر متعلقہ کاموں پر ہی خرچ کیے جائیں گے۔ خیبرپختونخوا کے آئی جی پی ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کو مضبوط بنانے اور ان کے ڈھانچے کو بہتر کرنے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور اس ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پولیس نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم