بھارت: انسٹاگرام پر دوستی کے جال میں پھنسا کر بینک منیجر کو لوٹ لیا گیا، 5 ملزمان گرفتار

News Image

بھارتی ریاست آسام کے ضلع جورہاٹ میں مبینہ ہنی ٹریپ اور بلیک میلنگ کے ذریعے نجی بینک کے منیجر سے لاکھوں روپے اینٹھنے والے گروہ کے 3 مردوں اور 2 خواتین کو گرفتار کر لیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق تنسکیا کے رہائشی بینک منیجر کی جولائی میں انسٹاگرام کے ذریعے جورہاٹ کی ایک خاتون سے دوستی ہوئی جو بعد میں گہرے تعلق میں بدل گئی۔ 14 اگست کو خاتون نے اسے جورہاٹ بلایا جہاں وہ رات تقریباً ایک بجے پہنچا، جس کے بعد خاتون اسے کرائے کے ایک مکان میں لے گئی۔ بینک منیجر نے پولیس کو بتایا کہ جب وہ دونوں گھر کے اندر موجود تھے تو کچھ نامعلوم افراد نے دروازہ کھٹکھٹایا، اور خاتون کے دروازہ کھولتے ہی وہ اندر داخل ہو گئے۔ ان افراد نے بینک منیجر کی نامناسب حالت میں ویڈیو بنائی اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے اور اہل خانہ کو بھیجنے کی دھمکی دی۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے شروع میں بینک منیجر سے 2 لاکھ روپے مانگے، جس پر بدنامی کے خوف سے بینک منیجر نے رقم دے دی۔ اس کے بعد مزید ایک لاکھ روپے بھی لیے گئے اور پھر مزید 5 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا، جس پر متاثرہ شخص نے پولیس سے رجوع کر لیا۔ پولیس نے پہلے سنجیب داس اور انکت پال کو گرفتار کیا جبکہ تفتیش کے دوران مبینہ سرغنہ مورومی داس نیوگ کی شناخت ہوئی اور اسے بھی پکڑ لیا گیا۔ بیبی بورا اور اس کے شوہر انکت بورا کو بھی واردات میں مبینہ کردار پر حراست میں لیا گیا۔ یہ گروہ مالی طور پر خوش حال افراد، خاص طور پر تاجروں اور کاروباری شخصیات کو نشانہ بناتا تھا۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم