
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اسٹیل مینوفیکچررز پر بجلی کے استعمال پر 5 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس نافذ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سیلز ٹیکس جنرل آرڈر نمبر 16 میں مزید ترمیم کر دی جس کے بعد 5 اسٹیل مینوفیکچررز کو سیلز ٹیکس کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس فہرست میں رشید اسٹیل، بٹالہ اسٹیل انڈسٹریز، رائل اسٹیل، پلاٹینم اسٹیل مل اور کے بی ایس اسٹیل فرنس کو شامل کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق مذکورہ اسٹیل مینوفیکچررز کے لیے بجلی پر 5 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس لاگو ہوگا جبکہ پانچوں اسٹیل مینوفیکچررز کے تمام بجلی کنکشنز پر فوری اطلاق ہوگا۔ ایف بی آر کے مطابق ٹیکس دہندگان کی اہلیت ایس آر او 1245 کے مقررہ معیار کے تحت طے کی گئی جبکہ اسٹیل مصنوعات کی تیاری میں اسکریپ اور بجلی کے استعمال کو اہلیت کے معیار میں شامل کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ مخصوص ایچ ایس کوڈز کے تحت اسکریپ کی درآمد بھی اہلیت کے معیار کا حصہ ہے۔ ایف بی آر ضرورت کے مطابق ٹیکس دہندگان کی فہرست پر نظرثانی کر سکے گا جبکہ متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کی سفارش پر بھی فہرست میں تبدیلی ممکن ہوگی۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ مینوفیکچرر کی اہلیت کا آزادانہ جائزہ لیا جا سکے گا اور کسی بھی مشکل کی صورت میں معاملہ متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کے نوٹس میں لایا جائے گا۔
News Source: Express News