
امریکی ریپر ٹوپاک شکار کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے کے جرم میں سابق گینگ سربراہ ڈوئین ڈیوس کو 40 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق 63 سالہ ڈوئین ڈیوس، جو کیفی ڈی کے نام سے مشہور ہیں، امریکی ریاست کیلیفورنیا کے کامپٹن علاقے میں سرگرم ساوتھ سائیڈ کرپس گینگ کے سابق رہنما رہ چکے ہیں۔ استغاثہ کا موقف تھا کہ انھوں نے خود فائرنگ نہیں کی تاہم قتل کی منصوبہ بندی کی اور اپنے بھتیجے اورلینڈو اینڈرسن کو وہ پستول فراہم کی جس سے امریکی ریپر ٹوپاک پر گولیاں چلائی گئیں۔ یاد رہے کہ ٹوپاک شکار کو 7 ستمبر 1996 کو لاس ویگاس میں گاڑی پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ اس وقت ان کی عمر صرف 25 سال تھی اور وہ دنیا کے مقبول ترین ریپرز میں شمار ہوتے تھے۔ ان کے ریکارڈز کی دنیا بھر میں 7 کروڑ 50 لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔ ان کے قتل کے اس مقدمے میں اہم ثبوت گینگ کے سربراہ ڈیوس کے اپنے بیانات بنے۔ ڈیوس نے مختلف مواقع پر اعتراف کیا تھا کہ وہ اس سفید کیڈیلک گاڑی میں موجود تھے جہاں سے فائرنگ کی گئی۔ علاوہ ازیں 2019 میں اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب میں بھی اس عالمی شہرت یافتہ قتل کیس میں اپنے کردار کا ذکر کیا تھا۔ ڈیوس نے ابتدا میں حکام کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت اپنے کردار سے متعلق معلومات فراہم کی تھیں، جس کے باعث انھیں قانونی کارروائی سے تحفظ حاصل تھا۔ تاہم کتاب اور ذرائع ابلاغ کو دیے گئے انٹرویوز میں اپنے کردار کی تفصیلات بیان کرنے کے بعد یہ استثنائی تحفظ ختم ہوگیا اور اسی قانونی بنیاد پر عدالت نے 40 سال قید کی سزا سنا دی۔ ڈیوس نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی ریپر ٹوپاک کا قتل امریکی موسیقی کی تاریخ کے مشہور ترین مقدمات میں شامل رہا ہے جس کے گرد کئی دہائیوں تک مختلف قانونی اور عدالتی قیاس آرائیاں گردش کرتی رہیں۔
News Source: Express News