
وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت درخواستوں پر کارروائی کا وقت کم کرکے صرف 15 کاروباری دن مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ درکار دستاویزات کی تعداد بھی 25 سے گھٹا کر صرف 5 کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اپنا گھر اسکیم، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور زرعی شعبے کو آسان قرضوں کی فراہمی سے متعلق منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیے گئے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، ریاض حسین پیرزادہ، احد خان چیمہ، شزا فاطمہ خواجہ، مشیر ہارون اختر، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، نجی اور سرکاری بینکوں کے سربراہان اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ہاوسنگ، زراعت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو قرضوں کی فراہمی کے اعداد و شمار پیش کیے گئے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بینکوں کی جانب سے ترجیحی شعبوں کے لیے ادارہ جاتی استعداد بڑھائی جا رہی ہے اور ڈویلپرز فنانس کے فروغ کے لیے کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔ شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ اپنا گھر اسکیم کے تحت اب تک 448 ارب روپے مالیت کے 75 ہزار 198 قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ 14 ہزار افراد کو 76 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ رواں سال 1 لاکھ 25 ہزار رہائشی یونٹس کے لیے 700 ارب روپے کے قرضے فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ہاوسنگ فنانس کے لیے درخواستوں پر کارروائی کی مدت کم کرکے 15 کاروباری دن اور دستاویزات 25 سے کم کرکے صرف 5 کر دی گئی ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ زرعی شعبے کے لیے اب تک 1352 ارب روپے کے قرضے دیے گئے جن سے 34 لاکھ 55 ہزار افراد مستفید ہوئے۔ جون 2027 تک یہ حجم 1500 ارب روپے اور مستفید کسانوں کی تعداد 45 لاکھ تک پہنچانے کا ہدف ہے۔ اسی طرح چھوٹے و درمیانے کاروبار کے 3 لاکھ 52 ہزار سے زائد افراد کو 1137 ارب روپے کے قرضے دیے جا چکے ہیں اور جون 2027 تک اس شعبے کا حجم 1500 ارب روپے تک بڑھانے کا ہدف مقرر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اپنا گھر، زراعت اور چھوٹے کاروبار کو بروقت قرضوں کی فراہمی ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے قرضوں کی فراہمی میں فعال کردار ادا کرنے والے بینکوں کو سراہا اور کم کارکردگی والے بینکوں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے جاری اسکیموں کو مزید موثر بنایا جائے اور یہ مشاورتی عمل رواں ماہ مکمل کیا جائے۔ انہوں نے پاسکو کے غیر فعال گوداموں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فعال کرنے اور کسانوں کے لیے اناج کے محفوظ ذخیرے کی گنجائش بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے الائیڈ بینک کے اناج ذخیرہ کرنے اور اس کے عوض کسانوں کو قرض دینے کے ماڈل کی تعریف کی اور اسے وسعت دینے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہاوسنگ اسکیم کے تحت غیر متنازع ملکیتی دستاویزات کے حصول کو مزید آسان بنانے اور ڈویلپرز فنانس کمیٹی کی سفارشات جلد حتمی شکل میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
News Source: Express News