
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان حسن خان کو متحدہ عرب امارات اور نمیبیا کے خلاف جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کی سہ فریقی سیریز کے لیے امریکی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ حسن خان کو انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ بولر علی خان کی جگہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ 2018 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کرنے کے بعد حسن خان کے لیے یہ پہلا بین الاقوامی موقع ہوگا۔ اُس وقت قومی جونیئر ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی اور موسیٰ خان بھی شامل تھے جنہوں نے بعد میں پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی۔ کراچی میں پیدا ہونے والے حسن خان نے 2017 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ پی ایس ایل کے ذریعے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ بعد ازاں وہ امریکا منتقل ہو گئے اور میجر لیگ کرکٹ میں سان فرانسسکو یونیکورنز کی جانب سے کھیلتے ہوئے بہترین آل راونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ گزشتہ تین ایم ایل سی سیزنز کے دوران حسن خان نے 32 میچز میں 609 رنز بنائے جبکہ 24 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ وہ بگ بیش لیگ اور کیریبین پریمیئر لیگ سمیت دنیا کی مختلف فرنچائز لیگز میں بھی ایکشن میں نظر آ چکے ہیں۔ حسن خان نے 2026 میں حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے پی ایس ایل میں بھی واپسی کی اور اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کی 8 اننگز میں 139 رنز بنانے کے ساتھ 6 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔
News Source: Express News