12 بچوں کی 61 سالہ دادی کا حیرت انگیز کارنامہ، پلینک کا نیا عالمی ریکارڈ قائم

News Image

کینیڈا سے تعلق رکھنے والی 61 سالہ خاتون ڈونا جین وائلڈ نے مسلسل پانچ گھنٹے پلینک پوزیشن میں رہ کر خواتین کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق 12 پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کی دادی نے یہ کارنامہ امریکی ریاست یوٹاہ میں منعقدہ ہنٹس مین ورلڈ سینئر گیمز کے دوران 4 اکتوبر کو انجام دیا۔ رپورٹس کے مطابق وائلڈ نے دوپہر 3 بج کر 3 منٹ پر پلینک شروع کیا اور رات 8 بج کر 3 منٹ پر اسے مکمل کیا۔ اس دوران ججز مختلف اوقات میں ان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہے۔ اس سے قبل بھی یہ ریکارڈ وائلڈ ہی کے پاس تھا جنہوں نے 21 مارچ 2024 کو 4 گھنٹے، 30 منٹ اور 11 سیکنڈ تک پلینک کر کے عالمی اعزاز حاصل کیا تھا۔ یوں انہوں نے اپنے سابقہ ریکارڈ میں تقریباً 30 منٹ کا اضافہ کیا۔ تاہم ان کی اس نئی کامیابی کی گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے باضابطہ تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔ وائلڈ کے مطابق ابتدائی دو گھنٹے نسبتاً آسان گزرے لیکن آخری لمحات میں خود کو سنبھالنا اور درست پوزیشن برقرار رکھنا سب سے مشکل مرحلہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ آخری 30 منٹ کے دوران انہوں نے اپنی توجہ سانس لینے، پرسکون رہنے اور جسم کو کپکپاہٹ سے بچانے پر مرکوز رکھی۔ انہوں نے کئی سال قبل کلائی کی ہڈی ٹوٹنے کے بعد پلینک کو روزمرہ معمول کا حصہ بنایا تھا کیونکہ وہ پلاسٹر بندھے ہونے کے باوجود یہ ورزش کر سکتی تھیں۔ وائلڈ نے دوسروں کو مشورہ دیا کہ مسلسل مشق اور ثابت قدمی کی بدولت مشکل ترین اہداف بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم