
بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو بگ بیش لیگ کے 16ویں سیزن کے لیے میلبورن رینیگیڈز نے سائن کر لیا ہے۔ یہ مستفیض الرحمان کے کیریئر کی پہلی بگ بیش لیگ ہوگی۔ 31 سالہ بولر اب تک ٹی 20 فرنچائز کرکٹ کے 331 میچز میں 423 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ میلبورن رینیگیڈز نے انہیں انجری کا شکار ہو کر آئندہ سیزن سے باہر ہونے والے فاسٹ بولر جیسن بہرینڈورف کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا ہے۔ مستفیض الرحمان انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 میں پہلے سے طے شدہ مصروفیات کی وجہ سے رینیگیڈز کے ابتدائی میچ میں پرتھ اسکارچرز کے خلاف دستیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے پہلی بار بی بی ایل کھیلنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایم سی جی کو اپنا ہوم گراونڈ بنانے اور نئے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے منتظر ہیں۔ میلبورن رینیگیڈز کے ہیڈ کوچ لیوک رونکی نے مستفیض کو ٹی 20 کرکٹ کا بہترین میچ ونر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاور پلے اور آخری اوورز میں وکٹیں لینے کی ان کی صلاحیت ٹیم کے بولنگ اٹیک کو مزید مضبوط بنائے گی۔ بگ بیش لیگ کا آغاز 12 دسمبر کو میلبورن رینیگیڈز اور پرتھ اسکارچرز کے درمیان میچ سے ہوگا جو پہلی مرتبہ بھارت کے شہر چنئی میں کھیلا جائے گا۔ 44 میچز پر مشتمل ٹورنامنٹ کا فائنل 26 جنوری کو شیڈول ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے۔
News Source: Express News