
امریکی شہر نیویارک کے علاقے بروکلین میں تین منزلہ عمارت کا ایک حصہ گرنے سے ایک شخص ہلاک اور کم از کم نو افراد زخمی ہو گئے، جبکہ ایک شخص اب بھی ملبے تلے پھنسا ہوا ہے جسے نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق حادثہ فلیٹ بش کے علاقے میں سہ پہر چار بجے کے بعد پیش آیا، جہاں تیرہ سو اکیس فلیٹ بش ایونیو پر واقع تین منزلہ عمارت اچانک منہدم ہو کر ساتھ موجود تعمیراتی مقام پر جا گری۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ زخمیوں میں سے کم از کم دو کی حالت تشویشناک ہے۔ ملبے تلے دبے شخص سے امدادی کارکنوں کا رابطہ قائم ہے اور اسے بحفاظت نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ حادثے کے بعد محکمہ عمارت کے انسپکٹرز بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں، جہاں امدادی سرگرمیوں میں معاونت کے ساتھ اطراف کی عمارتوں کے اسٹرکچر کی مضبوطی اور استحکام کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ نیویارک پولیس نے شہریوں کو بیڈفورڈ ایونیو اور فلیٹ بش ایونیو کے اطراف جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حادثے کے باعث سڑکیں بند اور ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
News Source: Express News