ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بڑی خبر، دانتوں کو سہارا دینے والی ہڈیوں کی بحالی پر اہم تحقیق

News Image

ٹائپ ٹو ذیابیطس نہ صرف جسم کے مختلف اعضا بلکہ دانتوں اور منہ کی صحت کو بھی متاثر کرتی ہے جس کی وجہ سے دانت کمزور اور ڈھیلے ہو کر گر سکتے ہیں۔ 29 اکتوبر 2026 کو سائنسی جریدے انٹرنیشنل جرنل آف اورل سائنس میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں مخصوص ہارمونز کے ذریعے متاثرہ ہڈیوں کی بحالی کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ انڈیانا یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف آرکنساس کے ماہرین نے پیرا تھائیرائیڈ ہارمون (پی ٹی ایچ) اور ابالوپاراٹائیڈ (اے بی ایل) کے اثرات پر تحقیق کی۔ رپورٹ کے مطابق ذیابیطس دانتوں کو جبڑے کی ہڈی سے جوڑنے والی ایلوولر ہڈی کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ذیابیطس کے مریضوں میں پیریوڈونٹائٹس یعنی مسوڑھوں کی دائمی سوزش لاحق ہونے کا خطرہ بھی زیادہ ہوتا ہے۔ مطالعے کے لیے محققین نے زیادہ چکنائی والی غذا اور اسٹریپٹوزوٹوسن کے ذریعے ذیابیطس کے شکار بنائے گئے چوہوں پر تجربات کیے، جس کے بعد جدید اسکیننگ اور بافتوں کے تجزیے سے ہڈیوں کے بننے اور پرانی ہڈی کے گھلنے کے عمل کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔ اس سائنسی جائزے میں جینیاتی طور پر تبدیل شدہ چوہوں کے ذریعے ہڈیوں کی بحالی میں بنیادی کردار ادا کرنے والے خلیات پر بھی غور کیا گیا۔ ماضی کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آ چکی ہے کہ ان ہارمونز سے ہڈیوں کی افزائش اور مسوڑھوں کی بحالی ممکن ہے، تاہم شوگر کے مریضوں پر ان کے اثرات اور طریقہ کار سے متعلق معلومات اب تک محدود تھیں۔ یہ نئی پیش رفت ذیابیطس کے مریضوں میں دانتوں اور جبڑوں کی ہڈی کے مسائل کے مستقل علاج کی نئی راہیں کھول سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ تمام تر تجربات چوہوں پر کیے گئے ہیں، اس لیے انسانوں میں ان ہارمونز کی افادیت اور حفاظت کی تصدیق کے لیے مزید طبی آزمائشیں ناگزیر ہیں۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم