
قومی کرکٹر سعود شکیل نے ٹیم میں شامل سینئر کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ ذمہ داری نبھاتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ اسلام آباد کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کو انتہائی اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو موقع ملنے کے بعد سینئر کرکٹرز کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے اور انہیں اپنے کھیل سے دوسروں کے لیے مثال قائم کرنی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی نئی تشکیل میں نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع مل رہا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تمام کھلاڑی اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کریں اور ایسے میں زیادہ بوجھ سینئرز کے کاندھوں پر آتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے میدانوں پر ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانا خاص طور پر ضروری ہے۔ راولپنڈی کے بدلتے ہوئے موسم کو کرکٹ کے لیے سازگار قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میچ راولپنڈی میں ہو یا لاہور میں، ٹیم کو اپنے میدانوں اور حالات کا بخوبی علم ہے۔ سعود شکیل نے نوجوان کرکٹرز کے لیے بھی اس سیریز کو بہترین موقع قرار دیا اور کہا کہ اپنے شائقین کے سامنے کھیلنے سے نئے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کا شاندار موقع ملے گا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ حالیہ ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم مستقل مزاجی کا مظاہرہ نہیں کر سکی، اس لیے سینئر بلے بازوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بہترین کھیل پیش کر کے ٹیم کو فتح دلائیں۔ اپنی فارم پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ان کی بیٹنگ کا ردھم اور اعتماد بحال ہوا۔ اس کے بعد صدر ٹرافی میں بھی انہوں نے اپنی فارم برقرار رکھی اور اب وہ بین الاقوامی سطح پر بھی اس تسلسل کو جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔ سیریز کا شیڈول: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 9 نومبر سے 13 نومبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ: بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ فضل، علی عثمان، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، محمد سلیمان، محمد طحہ، رضا اللہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، سمیر منہاس اور سعود شکیل۔
News Source: Express News