مسابقتی ایل پی جی پالیسی؛ خریداری کیلئے عالمی ٹینڈرز جاری

News Image

کراچی میں مسابقتی ایل پی جی پالیسی پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا اور سرکاری توانائی کمپنیوں نے ایل پی جی کی خریداری کے لیے عالمی ٹینڈرز جاری کر دیے۔ انڈسٹری ذرائع نے بتایا کہ سرکاری توانائی کمپنیوں کی جانب سے ستر ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کرنے کے لیے ٹینڈرز جاری کیے گئے، درآمدی ایل پی جی کے جہاز آئندہ دو ہفتوں میں پاکستان پہنچ جائیں گے۔ انڈسٹری ذرائع کا کہنا تھا کہ درآمدی ایل پی جی کی آمد سے سردیوں میں سپلائی مستحکم ہونے اور قلت کا خدشہ کم ہونے کی توقع ہے، مسابقتی ایل پی جی پالیسی کے تحت مارکیٹ میں رسد بڑھانے اور بلیک مارکیٹنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوئی سدرن کی ذیلی کمپنی ایس ایل ایل نے انٹرنیشنل اسپاٹ مارکیٹ سے ایل پی جی خریداری کے ٹینڈرز جاری کیے، ایل پی جی کی خریداری کے لیے بیس ہزار اور پچاس ہزار میٹرک ٹن کے دو علیحدہ ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں، پی ایس او، سوئی سدرن اور پارکو بھی عالمی مارکیٹ سے ایل پی جی درآمد کریں گے۔ انڈسٹری ذرائع نے کہا کہ موجودہ عالمی نرخوں کے مطابق درآمدی ایل پی جی پاکستان پہنچ کر ساڑے چار سو روپے فی کلو پڑنے کا تخمینہ ہے، معمولی مارجن کے ساتھ درآمدی ایل پی جی صارفین کو تقریبا چار سو ساٹھ روپے فی کلو فراہم کی جا سکے گی، سرکاری توانائی کمپنیوں کو درآمدی ایل پی جی کے نرخ مقرر کرنے کا اختیار دے دیا گیا۔ انڈسٹری ذرائع کا کہنا تھا کہ درآمدی ایل پی جی کی فروخت کا مقصد کاروباری منافع کے بجائے مارکیٹ میں مسابقت اور قیمتوں کو کم کرنا ہے، ملک میں اس وقت ایل پی جی پانچ سو تیس سے چھ سو تیس روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، سرکاری کمپنیوں کی درآمدی ایل پی جی موجودہ مارکیٹ نرخوں سے ستر سے ایک سو تیس روپے فی کلو سستی دستیاب ہونے کا امکان ہے۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی درآمد کے لیے سرکاری و توانائی کمپنیوں کے انٹرنیشنل ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں اور مجموعی طور پر سینتالیس ہزار پانچ سو میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کرنے کا منصوبہ ہے۔ ٹینڈرز کے حوالے سے کہا گیا کہ پاکستان اسٹیٹ آئل نے ایل پی جی درآمد کے لیے مجموعی طور پر چوالیس ہزار میٹرک ٹن کے تین ٹینڈرز جاری کر دیے، پی ایس او نے بیس ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کا پہلا ٹینڈر چھ نومبر کو جاری کیا، درآمدی کھیپ پندرہ سے پچیس نومبر کے دوران کراچی پہنچے گی۔ مزید بتایا گیا کہ پی ایس او نے بیس ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کا دوسرا ٹینڈر بھی جاری کر دیا، درآمدی کھیپ بیس سے تیس نومبر کے دوران کراچی پہنچے گی۔ انڈسٹری ذرائع کا کہنا تھا کہ پی ایس او نے چار ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کی اسپاٹ بنیاد پر درآمد کے لیے بھی ٹینڈر جاری کیا، بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ سولہ نومبر مقرر کی گئی ہے اور اسی طرح پارکو پرل گیس نے بھی تین ہزار پانچ سو میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کرنے کا ٹینڈر جاری کیا، درآمدی کھیپ تیرہ سے پندرہ نومبر کے دوران پورٹ قاسم پہنچے گی۔ پارکو پرل گیس کے ٹینڈر کے تحت غیر ملکی سپلائرز سے پورٹ قاسم کے لیے سی ایف آر بنیاد پر ایل پی جی خریدی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پی ایس او اور پارکو پرل گیس کے جاری کردہ ٹینڈرز کے تحت مجموعی طور پر سینتالیس ہزار پانچ سو میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کی جائے گی، ایل پی جی کے درآمدی ٹینڈرز کے تحت مختلف کھیپوں کی آمد تیرہ سے تیس نومبر کے دوران متوقع ہے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم