پی ٹی اے نے میٹا کے تعاون سے ایک لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاونٹس بلاک کر دیے

News Image

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے میٹا کے اشتراک سے سائبر فراڈ کی روک تھام کے لیے کارروائی کرتے ہوئے دوبارہ جاری کردہ موبائل نمبرز پر چلنے والے ایک لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاونٹس بند کر دیے ہیں۔ پی ٹی اے کے مطابق یہ قدم ان شکایات کے بعد اٹھایا گیا جن میں غیر فعال یا منسوخ شدہ سموں کے ذریعے واٹس ایپ پر دھوکہ دہی کی وارداتوں کا انکشاف ہوا تھا۔ حکام نے بتایا کہ پی ٹی اے نے میٹا کو تقریباً ایک کروڑ ری سائیکل شدہ نمبرز کی فہرست فراہم کی ہے تاکہ ان سے منسلک اکاونٹس کی جانچ پڑتال کر کے غیر متعلقہ اور مشکوک اکاونٹس کو غیر فعال بنایا جا سکے۔ سائبر کرائم پر قابو پانے کے لیے دونوں اداروں میں ماہانہ بنیادوں پر پانچ ہزار دوبارہ جاری کیے گئے نمبرز کی تفصیلات شیئر کرنے کا معاہدہ بھی ہوا ہے۔ ملک میں ٹیلی کام آپریٹرز کے پاس اس وقت تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ ری سائیکل شدہ نمبرز موجود ہیں۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اگر اصل صارف کی سم بند ہونے کے باوجود اس کا واٹس ایپ اکاونٹ چلتا رہے تو نیا نمبر لینے والا یا کوئی بھی جعل ساز اس کا غلط استعمال کر سکتا ہے۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں میٹا نے ریگولیٹر کی جانب سے موصول ہونے والی 82 فیصد شکایات پر فوری ایکشن لے کر مسائل حل کیے۔ پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل سیکیورٹی کو بہتر بنانا، شہریوں کو مالی و آن لائن فراڈ سے محفوظ رکھنا اور پرانے نمبرز کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم