
پاکستان میں ذیابیطس کے خلاف 6 ارب 80 کروڑ روپے کا قومی پروگرام تیار کر لیا گیا ہے جس سے صرف 30 سیکنڈ میں مرض کا پتہ لگے گا۔ پاکستان میں ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کیلیے قومی سطح پر جامع پروگرام تیار کر لیا گیا، جس کے تحت ملک بھر میں عوام کی اسکریننگ، بیماری سے متعلق آگاہی، ابتدائی تشخیص اور علاج کی سہولیات کو مربوط کیا جائے گا۔ پروگرام کا آغاز اسلام آباد سے ماڈل منصوبے کے طور پر کرنے اور بعد ازاں دیگر صوبوں تک وسعت دینے کا منصوبہ ہے۔ پروگرام میں پاکستانی افراد میں ذیابیطس کے خطرے کا فوری جائزہ لینے کیلیے ریپڈ اسکور کو بھی استعمال کیا جائے گا، جس کے ذریعے صرف تین بنیادی سوالات کی مدد سے تقریباً 30 سیکنڈ میں کسی شخص میں ذیابیطس لاحق ہونے کے خطرے کا ابتدائی اندازہ لگایا جا سکے گا۔ ڈائریکٹر انڈس ذیابیطس اینڈ اینڈوکرائن سینٹر ڈاکٹر عبد الباسط نے بتایا کہ پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور اب یہ بیماری صرف بڑی عمر کے افراد تک محدود نہیں رہی، بلکہ بچوں میں بھی ذیابیطس کے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ذیابیطس کے بڑھتے مسئلے سے نمٹنے کیلیے کئی سال سے قومی سطح پر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جا رہا تھا، جس کے نتیجے میں وزیر اعظم کے پروگرام برائے انسداد اور کنٹرول ذیابیطس کے تحت جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ پروگرام کی باقاعدہ تاریخوں اور عملی آغاز سے متعلق تفصیلات جلد سامنے آنے کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ذیابیطس کے خطرے کی ابتدائی شناخت کیلیے ریپڈ اسکور استعمال کیا جائے گا۔ اس طریقے میں کسی خون کے ٹیسٹ یا پیچیدہ طبی معائنے کے بغیر عمر، پیٹ کی گولائی اور خاندان میں ذیابیطس کی موجودگی سے متعلق تین سوالات پوچھے جاتے ہیں۔ ان کے جوابات کی بنیاد پر مجموعی اسکور مرتب ہوتا ہے، جس سے معلوم کیا جا سکتا ہے کہ کسی شخص کو ذیابیطس لاحق ہونے کا خطرہ کتنا ہے اور اسے مزید طبی ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہے یا نہیں۔ ریپڈ اسکور کے مطابق پہلا سوال عمر سے متعلق ہے۔ 40 سال سے کم عمر افراد کو صفر نمبر، 40 سے 60 سال کی عمر کے افراد کو ایک نمبر جبکہ 60 سال سے زائد عمر والوں کو تین نمبر دیے جاتے ہیں۔
News Source: Express News