روزانہ سلاد کھانے کی عادت جسم کو کن فوائد سے ہمکنار کر سکتی ہے؟

News Image

تازہ سبزیوں پر مشتمل سلاد صرف کھانے کے ساتھ پیش کیا جانے والا اضافی لوازمہ ہی نہیں بلکہ متوازن خوراک کا لازمی جزو بھی بن سکتا ہے۔ ماہرین غذائیت کے مطابق روزمرہ خوراک میں سلاد کو شامل کرنے سے انسانی جسم کو فائبر، وٹامنز، منرلز اور پانی کی وافر مقدار حاصل ہوتی ہے۔ سلاد میں پایا جانے والا فائبر ہاضمے کے نظام کے لیے بے حد مفید ہے۔ یہ آنتوں کے افعال کو بہتر بناتا ہے جس سے قبض سمیت پیٹ کی دیگر شکایات دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ہرے پتوں والی اور دیگر تازہ سبزیاں دل کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند مانی جاتی ہیں۔ ان میں موجود غذائی اجزا خون میں برے کولیسٹرول یعنی ایل ڈی ایل کی سطح متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، جس سے امراض قلب اور شریانوں کے مسائل کا خطرہ کافی حد تک کم ہو جاتا ہے۔ سلاد کی ایک اور بڑی خوبی اس میں کیلوریز کی کم مقدار اور پانی کی زیادہ موجودگی ہے۔ تازہ سبزیاں کھانے سے پیٹ جلد بھر جاتا ہے اور بار بار بھوک لگنے کا احساس نہیں ہوتا، یہی وجہ ہے کہ سلاد وزن کنٹرول کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ غذائیت کے اعتبار سے بھی سلاد جسم کو کئی ضروری اجزا فراہم کرتا ہے۔ مختلف سبزیوں کے استعمال سے وٹامن اے، سی اور کے کے علاوہ متعدد منرلز حاصل ہوتے ہیں۔ یہ اجزا قوت مدافعت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ جلد کی شادابی اور خوبصورتی برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یوں روزانہ کے کھانے میں رنگ برنگی تازہ سبزیوں پر مبنی سلاد شامل کرنا اپنی غذا کو زیادہ صحت بخش اور غذائیت سے بھرپور بنانے کا ایک بہترین اور آسان طریقہ ہے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم