سہ ملکی سیریز، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آج پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی

News Image

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں آج پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ میچ دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔ پاکستانی ٹیم سیریز میں اب تک ناقابل شکست ہے اور اپنے دونوں ابتدائی میچ جیت چکی ہے۔ گرین شرٹس نے پہلے مقابلے میں سری لنکا کو 37 رنز سے ہرایا، جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر اپنی برتری ثابت کی۔ اس میچ میں کھلاڑی کینسر جیسے موذی مرض سے آگاہی کی مہم کے تحت گلابی کٹ پہن کر میدان میں اتریں گے۔ دوسری جانب انگلینڈ کو سیریز میں اب تک کوئی کامیابی نہیں ملی۔ پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد تیسرے میچ میں سری لنکا نے بھی سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے مات دی۔ پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے ابتدائی تین میچ راولپنڈی میں کھیلے گئے، جبکہ بقیہ مقابلے اور فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ آج کے میچ میں پاکستان کی نظریں فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے پر ہوں گی، جبکہ انگلینڈ شکستوں کا تسلسل توڑ کر سیریز میں واپسی کی بھرپور کوشش کرے گا۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم