
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی شراکت داری دونوں ممالک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ چین کے شہر ہانگژو میں بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان معدنیات، زراعت، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں بے پناہ مواقع رکھتا ہے، جن سے دنیا بھر کے سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت چین کی ترقی اور کامیابی کی روشن مثال ہے۔ چین کے تجربات سے رہنمائی لے کر پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے چینی سرمایہ کاروں کو زراعت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، خصوصی اقتصادی زونز اور کان کنی و معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کو ریڈ کارپٹ اور ون ونڈو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ پاکستان اور چین کو معاشی تعاون کے نئے سنگ میل تیزی سے حاصل کرنا ہوں گے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ چین ہر سال 100 ارب ڈالر کی زرعی مصنوعات درآمد کرتا ہے جبکہ پاکستان اعلیٰ معیار کی زرعی مصنوعات برآمد کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ ہانگژو میں منعقدہ پاکستان چین آئی سی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن اور زرعی بی ٹو بی کانفرنس دونوں برادر ممالک کے درمیان معاشی تعاون، جدید ٹیکنالوجی اور مشترکہ ترقی کی عکاس ہے۔ کانفرنس میں چین کی 463 اور پاکستان کی 200 کمپنیوں نے شرکت کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہانگژو میں انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام، بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم اور زراعت کے شعبوں کے حوالے سے منعقدہ پاکستان چائنہ بزنس ٹو بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ کانفرنس میں پاکستانی و چینی کمپنیوں کے مابین تعاون اور سرمایہ کاری کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط و تبادلے بھی ہوں گے۔ وزیراعظم ہانگژو میں معروف چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم علی بابا کمپنی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے، جہاں دورے کے دوران علی بابا اور حکومت پاکستان کے مابین ہونے والے تعاون کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ دریں اثنا وزیراعظم ہانگژو کا اپنا دورہ مکمل کر کے بیجنگ پہنچ گئے۔
News Source: Express News