
بھارت کو رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ایشیا کپ جتوانے والے کپتان سوریا کمار یادیو کو قومی ٹیم کے بعد اب ڈومیسٹک ٹیم سے بھی باہر کر دیا گیا ہے۔ سابق کپتان کی رانجی ٹرافی میں واپسی کا معاملہ سلیکٹرز کے فیصلے کے بعد توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دستیابی ظاہر کرنے کے باوجود سوریا کمار کو ممبئی کے 16 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، جو 11 اکتوبر کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں چندی گڑھ کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گا۔ بتایا گیا ہے کہ ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن نے ریڈ بال کرکٹ کے لیے یادیو سے رابطہ کیا تھا جس کے بعد انہوں نے ٹورنامنٹ کے لیے اپنی دستیابی کی تصدیق کی تھی۔ تاہم چیف سلیکٹر راجیش پوار کا کہنا ہے کہ 36 سالہ بیٹر نے تقریباً ڈیڑھ سال سے فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلی، اس لیے انہیں دوبارہ ٹیم میں لانے سے پہلے میچ پریکٹس کی ضرورت ہے۔ یادیو نے گزشتہ رانجی سیزن کے تین میچوں کی پانچ اننگز میں 109 رنز بنائے تھے جن میں دو نصف سنچریاں شامل تھیں۔ ممبئی کی قیادت سدھیش لاڈ کریں گے جبکہ انڈر 19 ورلڈ کپ کے فاتح کپتان آیوش ماتھرے نائب کپتان ہوں گے، یشسوی جیسوال بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ یادیو کے لیے رانجی ٹرافی میں واپسی اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ وہ اب بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سے بھی محروم ہو چکے ہیں اور آئی پی ایل ہی ان کا واحد باقاعدہ فارمیٹ رہ گیا ہے۔
News Source: Express News