
حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مزید اضافہ کر دیا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 95 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت کے پیٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت قیمتوں میں ردوبدل کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اوگرا نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 91 پیسے فی لیٹر کمی کرتے ہوئے نئی قیمت 395 روپے 85 پیسے فی لیٹر مقرر کی ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 19 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 394 روپے 83 پیسے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 7 اکتوبر 2026 کے لیے ہوگا۔ پیٹرولیم ڈویژن سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ عالمی منڈی میں اتار چڑھاو، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
News Source: Express News