وزیراعظم کی لائیو اسٹاک برآمدات بڑھانے کے لیے متعدد اہم اقدامات کی منظوری

News Image

وزیراعظم نے لائیو اسٹاک کی برآمدات میں اضافے کے لیے درآمد شدہ مویشیوں کی خصوصی فارم ہاوسز میں نشوونما، شعبے کو کارپوریٹ خطوط پر استوار کرنے اور نجی ماہرین کے ذریعے اصلاحات نافذ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت لائیو اسٹاک کے شعبے میں جاری اصلاحات پر اسلام آباد میں اعلی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مویشیوں کی برآمد کے لیے خصوصی فارم ہاوسز قائم کیے جائیں جہاں اعلی نسل اور زیادہ پیداواری صلاحیت کے حامل مویشی درآمد کر کے ان کی برآمد کے لیے پرورش کی جائے۔ انہوں نے ان فارمز کے لیے مویشیوں کی درآمد کو ڈیوٹی فری کرنے اور جانوروں کی جدید ٹیگنگ کا نظام نافذ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ لائیو اسٹاک کے شعبے کی کارپوریٹ طرز پر تنظیم نو کی جائے کیونکہ ملکی زرعی شعبے کا 60 فیصد سے زائد حصہ اسی پر منحصر ہے اور اس میں برآمدات کے شاندار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے ملک سے منہ کھر کی بیماری کے خاتمے کے لیے آئندہ دو ہفتوں میں لائحہ عمل تیار کرنے، مذبح خانوں کی بین الاقوامی سرٹیفکیشن اور تھرڈ پارٹی تصدیق یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں تقریباً 245 ملین مویشی موجود ہیں جن کی مالیت 5.5 کھرب روپے کے لگ بھگ ہے۔ یہ شعبہ قومی معیشت کا 14.97 فیصد اور زراعت کا 63.6 فیصد ہے جس سے سالانہ تقریباً 74.69 ملین ٹن دودھ اور 6.31 ملین ٹن گوشت پیدا ہوتا ہے۔ تقریباً 80 لاکھ دیہی خاندان اس شعبے سے وابستہ ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مالی سال 2025-26 میں گوشت کی برآمدات 530 ملین ڈالر تک پہنچیں جن کا بڑا حصہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت اور قطر جیسے خلیجی ممالک کو برآمد کیا گیا جبکہ ملائیشیا اور چین میں بھی وسیع امکانات موجود ہیں۔ حکومت بیماریوں کی روک تھام، ویکسینیشن کی ڈیجیٹل نگرانی، فیڈ لاٹ فارمنگ، کولڈ چین اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے فروغ پر کام کر رہی ہے تاکہ 2028 تک برآمدات میں مزید خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم

⚡
YourBolt AI
✖
Assalam o Alaikum! Main YourBolt AI hoon. Kuch bhi poochein — Roman Urdu mein jawab dunga.