سعودی ہوائی اڈوں پر حوثیوں کے حملے، 3 افراد جاں بحق اور پاکستانی سمیت 36 زخمی

News Image

سعودی عرب کے ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملوں میں دو خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہو گئے۔ سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے تصدیق کی ہے کہ یہ حملے 6 اور 7 اکتوبر کی درمیانی رات کیے گئے۔ بیان کے مطابق ابھا ایئرپورٹ پر حملے کے نتیجے میں مراکش اور الجزائر کی دو خواتین جاں بحق ہوئیں جبکہ 28 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سعودی شہریوں سمیت بنگلہ دیش اور فلپائن کے شہری شامل ہیں، جن میں سے 3 افراد کی حالت نازک ہے۔ دوسری جانب ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے دوران ایک سوڈانی شہری ہلاک جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں 5 سعودی، 2 مصری اور ایک پاکستانی شہری شامل ہے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ان حملوں سے ہوائی اڈوں کی تنصیبات اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ مسافروں اور ایئرپورٹ عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس واقعے سے ایک روز قبل 6 اکتوبر کو حوثیوں نے سعودی عرب میں 3 فوجی کارروائیوں کا دعوی کیا تھا، جن میں ریاض کا کنگ خالد ایئرپورٹ، رابغ میں آرامکو کی آئل ریفائنری، ابھا ایئرپورٹ اور خمیس مشیط کا فوجی اڈہ شامل تھے۔ تاہم سعودی سول ایوی ایشن نے اپنے بیان میں حملوں کا الزام کسی پر عائد نہیں کیا۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم