
اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کے گرد تنازع محض شادی کے باہر تعلقات کے انکشاف تک محدود نہیں رہا، بلکہ نئے الزامات کے تحت ان کے ایک چینی کاروباری خاتون کے ساتھ تعلقات کو چین کو بھیجی جانے والی کم از کم 7.5 ارب ڈالر مالیت کی اینویڈیا چپس کی ترسیل سے جوڑا جا رہا ہے۔ دی انفارمیشن کی 10 نومبر کی ایک رپورٹ کے مطابق ایلس ہوانگ نامی کاروباری خاتون، جن پر امریکی انٹیلی جنس حکام کی جانب سے چین کے لیے کام کرنے کا شبہ ہے، نے مبینہ طور پر جینسن ہوانگ سے اپنے تعلقات اور کمپنیوں کے ایک نیٹ ورک کو استعمال کرتے ہوئے جدید اے آئی چپس چینی کمپنیوں تک پہنچانے میں مدد کی۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نیٹ ورک کے ذریعے تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار اینویڈیا ایچ 100، ایچ 200 اور اے 100 چپس چین کو فراہم کی گئیں، جن میں وہ ماڈلز بھی شامل ہیں جن پر امریکہ نے برآمدی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز نے بھی یہ الزامات رپورٹ کیے ہیں تاہم اس کا کہنا ہے کہ وہ آزادانہ طور پر ان کی تصدیق نہیں کر سکا۔ ایلس ہوانگ کون ہیں؟ ایلس ہوانگ، جنہیں ہوانگ لے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ایک چینی خاتون ہیں جو سنگاپور میں قائم میگاسپیڈ انٹرنیشنل نامی کمپنی میں اعلیٰ عہدے پر فائز تھیں، جو اینویڈیا کی ایک بڑی خریدار کمپنی ہے۔ دی انفارمیشن کے مطابق انہوں نے اپنے شوہر اور بہن کے ساتھ مل کر اینویڈیا کے پروسیسرز حاصل کرنے کے لیے چین اور سنگاپور میں کمپنیوں کا ایک جال بچھایا۔ ان کمپنیوں میں سے ایک، شنگھائی سنچری لیٹونگ، جون 2023 میں قائم ہوئی اور اسی سال اکتوبر تک اس نے اینویڈیا کے ساتھ ترجیحی کلاوڈ پارٹنر کا درجہ حاصل کر لیا۔ اس حیثیت کے باعث مبینہ طور پر کمپنی کو اینویڈیا کی چپس تک ترجیحی رسائی مل گئی۔ امریکی انٹیلی جنس حکام کو شبہ ہے کہ ایلس ہوانگ چینی خفیہ ایجنسیوں کے لیے کام کر رہی ہیں، تاہم چین نے جاسوسی کے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ اینویڈیا کی چپس مبینہ طور پر چین کیسے پہنچیں؟ دی انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق ایلس ہوانگ نے اینویڈیا اور اس کے تقسیم کاروں میں اپنے تعلقات کا استعمال کیا تاکہ اس وقت چپس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے جب امریکی پابندیوں کے باعث آرڈرز تعطل کا شکار ہو رہے تھے۔ اس نیٹ ورک نے مبینہ طور پر چین اور جنوب مشرقی ایشیا میں سرگرم کمپنیوں کے ذریعے تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار چپس چین منتقل کیں۔ شنگھائی سنچری لیٹونگ نے مبینہ طور پر ڈیٹا سینٹرز چلائے اور اینویڈیا کے پروسیسرز استعمال کرتے ہوئے کمپیوٹنگ کی صلاحیت کرائے پر دی، جن میں وہ چپس بھی شامل تھیں جن کی چین کو فروخت پر پابندی ہے۔ یہ کمپیوٹنگ خدمات مبینہ طور پر چین کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں جیسے علی بابا، ٹینسنٹ اور چھوٹی اے آئی لیبارٹریز تک پہنچائی گئیں۔ میگاسپیڈ اور اس کی ملائیشیا میں ذیلی کمپنی، اسپیڈ میٹرکس بھی اس ترسیلی نیٹ ورک سے جڑی ہوئی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق میگاسپیڈ نے جنوب مشرقی ایشیائی ڈیٹا سینٹرز کے ذریعے چینی صارفین کو کمپیوٹنگ سروسز دیں اور مبینہ طور پر اصل ہارڈویئر بھی چین منتقل کیا۔ تاہم رائٹرز نے ان الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں کی ہے۔ اینویڈیا کی جانب سے امریکی تحقیقات میں مبینہ مداخلت علیحدہ طور پر بلومبرگ نے رپورٹ کیا کہ اینویڈیا کے جنرل کونسل ٹم ٹیٹر نے 2025 میں میگاسپیڈ سے متعلق ایک تفتیش کے سلسلے میں امریکی انڈر سیکرٹری برائے تجارت جیفری کیسلر سے رابطہ کیا۔ ٹیٹر نے مبینہ طور پر دریافت کیا کہ کیا سنگاپور کے حکام کی جانب سے ایلس ہوانگ کی حراست میں امریکی ادارے بھی ملوث ہیں۔ بلومبرگ کے مطابق اس کے بعد محکمہ تجارت کے تفتیش کاروں کو میگاسپیڈ کی جانچ پڑتال اور اینویڈیا سے براہ راست رابطے کے سلسلے میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا اینویڈیا نے ان پابندیوں کی درخواست کی تھی یا یہ رابطہ ہی براہ راست اس کی وجہ بنا۔ اینویڈیا کا کہنا ہے کہ ٹم ٹیٹر کو امریکی حکام سے رابطے کے وقت جینسن ہوانگ اور ایلس ہوانگ کے تعلقات کا کوئی علم نہیں تھا۔ دوسری جانب میگاسپیڈ نے غیر قانونی طور پر چپس کی منتقلی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ، ملائیشیا اور اینویڈیا کے حکام کے جائزوں میں خلاف ورزی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ سی ای او کا اعتراف اور تحقیقات کا آغاز جینسن ہوانگ نے 8 نومبر کو تسلیم کیا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ بے وفائی کی تھی اور انہوں نے اپنے خاندان سمیت اینویڈیا کے ملازمین سے معذرت بھی کی۔ اس کے بعد اینویڈیا کے بورڈ نے ایک آزادانہ تحقیقات کا آغاز کیا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ہوانگ کو کسی غیر ملکی انٹیلی جنس آپریشن کا نشانہ تو نہیں بنایا گیا اور کیا اس تعلق سے کوئی سکیورٹی خطرات پیدا ہوئے۔ ایف بی آئی بھی مشتبہ جاسوسی کے اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اینویڈیا نے واضح کیا ہے کہ اس کے بورڈ کے پاس یہ ماننے کی فی الحال کوئی وجہ نہیں کہ کمپنی کے راز یا ملکی سلامتی خطرے میں پڑی ہے، تاہم تحقیقات میں تمام دستیاب معلومات کا جائزہ لیا جائے گا۔ کمپنی نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ تحقیقات کے دوران ہوانگ سی ای او کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ حالیہ رپورٹس نے اینویڈیا کے سپلائی نیٹ ورک، اس کے صارفین اور امریکی برآمدی پابندیوں پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اس کے باوجود تفتیش کاروں نے اب تک ایسا کوئی ثبوت نہیں پایا جس سے یہ ثابت ہو کہ جینسن ہوانگ نے جان بوجھ کر چپس کی غیر قانونی برآمد میں مدد کی یا اینویڈیا نے دانستہ طور پر امریکی پابندیوں سے بچنے کے لیے کوئی خفیہ راستہ بنایا تھا۔
News Source: Express News