
معروف پاسورڈ مینیجر ایپلی کیشن ایم سیکیور نے سسٹم میں مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی کے بعد اپنے تمام صارفین کو فوری طور پر پاسورڈز تبدیل کرنے، ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن کو دوبارہ ترتیب دینے اور پاس کیز کو ہٹانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ امریکی ادارے ایم سیون سافٹ ویئر کی جانب سے 3 نومبر کو صارفین کو بھیجی گئی ای میل میں آگاہ کیا گیا کہ کمپنی کو اپنی پاسورڈ مینجمنٹ ایپلی کیشن میں بعض غیر معمولی اور مشکوک سرگرمیوں کا پتہ چلا تھا، جس پر بلا تاخیر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ کمپنی کے ترجمان کے مطابق معاملے کو قابو میں لانے کے لیے ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں جبکہ جامع تحقیقات کے لیے ماہر سائبر سیکیورٹی ٹیموں کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔ تاہم، کمپنی نے ابھی تک اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ یہ مشکوک سرگرمی کس نوعیت کی تھی، واقعہ کب پیش آیا اور آیا ہیکرز صارفین کے محفوظ شدہ پاسورڈز یا ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں یا نہیں۔ ایم سیکیور نے اپنے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ڈیٹا اور محفوظ کردہ حساس معلومات کی حفاظت کے لیے فوری طور پر حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔ ان اقدامات میں تمام پاسورڈز تبدیل کرنا، ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن کو ازسرنو ترتیب دینا اور پہلے سے موجود پاس کیز کو ہٹانا شامل ہے۔
News Source: Express News