
پاکستان میں 20 سال کے طویل عرصے کے بعد سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو رہی ہیں، جس کے لیے ترک پیٹرولیم کمپنی کا سیسمک سروے جہاز 17 سے 20 نومبر کے دوران کراچی پہنچے گا۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت ترک سیسمک جہاز کی آمد کے انتظامات کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں جہاز کی آمد، سیکیورٹی، سمندری اور آپریشنل امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ وہ کراچی میں ترک جہاز کا خود استقبال کریں گے اور یہ پیش رفت پاکستان اور ترکیہ کی دوستی اور مکہ معاہدے کے بعد ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کے اس منصوبے میں ترکیہ کو مکمل تعاون فراہم کرے گا، جس سے پاکستان کی توانائی سلامتی اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعلقات کو فروغ ملے گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ مل کر ایسی تاریخی کامیابی حاصل کریں گے جسے نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر ترک پیٹرولیم کے پراجیکٹ منیجر نے پاکستانی حکام کی جانب سے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ جہاز کی آمد اور آف شور آپریشنز کے لیے قریبی رابطہ رکھیں کیونکہ ترک جہاز کی آمد سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کی بحالی کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔
News Source: Express News