رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 14 اعشاریہ 6 ارب ڈالر تک پہنچ گیا

News Image

پاکستان کا تجارتی خسارہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران 16 فیصد اضافے کے ساتھ 14 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا، جس کی بنیادی وجہ درآمدات میں تیز رفتار اضافہ اور برآمدات کی سست رفتار ترقی ہے۔ بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ ملک کے بیرونی قرضوں اور عالمی مالیاتی اداروں پر انحصار میں مزید اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تجارتی خسارے میں 2 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں درآمدات 26 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 ارب 90 کروڑ ڈالر یا 12 اعشاریہ 5 فیصد زیادہ ہیں۔ اس کے برعکس برآمدات میں معمولی بہتری دیکھنے میں آئی اور جولائی تا اکتوبر کے دوران مجموعی برآمدات 11 ارب 40 کروڑ ڈالر رہیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں صرف 89 کروڑ ڈالر زیادہ ہیں۔ اس دوران ماہانہ اوسط درآمدات 6 اعشاریہ 5 ارب ڈالر جبکہ برآمدات 2 اعشاریہ 8 ارب ڈالر رہیں۔ تجارتی خسارے میں اضافے کے اعداد و شمار ایسے وقت سامنے آئے ہیں، جب وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان کو گزشتہ ماہ سعودی عرب سے مزید 3 ارب ڈالر کے قرض کی مدت میں توسیع مل گئی ہے۔ سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال نے پارلیمانی کمیٹی کو بتایا کہ ملک کو بیرونی قرضوں کی مد میں ادائیگیاں کرنا ہیں، تاہم حکومت دوطرفہ اور کمرشل قرضوں کی مدت میں توسیع حاصل کرنے کی کوشش کرے گی، حکومت زرمبادلہ ذخائر برقرار رکھنے کیلیے مسلسل نئے غیر ملکی قرضوں کی تلاش میں بھی ہے۔ وزیراعظم نے وعدہ کیا ہے کہ آئی ایم ایف کا 25واں پروگرام پاکستان کی تاریخ کا آخری پروگرام ہوگا، جو آئندہ ستمبر میں مکمل ہونا ہے، تاہم اس دعوے کی عملی آزمائش آنے والے برسوں میں ہوگی۔ اسٹیٹ بینک نے رواں مالی سال کے دوران درآمدات 71 ارب ڈالر تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا، جس کی بڑی وجہ توانائی کی درآمدی لاگت میں اضافے کا امکان ہے۔ حکومت نے رواں مالی سال کیلیے اشیا کی برآمدات کا ہدف 34 ارب ڈالر مقرر کیا ہے، حکومت نے برآمدات میں اضافے کیلیے بڑے برآمدکنندگان کو سستے قرضوں کی فراہمی کی خاطر بجٹ میں 88 ارب روپے کی سبسڈی بھی مختص کی ہے، تاہم ماضی میں روپے کی قدر میں نمایاں کمی بھی برآمدات کو خاطر خواہ فروغ دینے میں ناکام رہی ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے مطابق مستقبل میں آئی ایم ایف پروگراموں سے نجات حاصل کرنے کیلیے برآمدات کو 60 ارب ڈالر تک لے جانا ضروری ہے، حکومت کی تجارتی آزادکاری کی پالیسی بھی تاحال برآمدات میں متوقع اضافہ لانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم