
بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اور میک اپ آرٹسٹ میڈ سندھو کو قتل کر دیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق میڈ سندھو پر شام تقریباً 6 بجے دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو کر سڑک پر گر پڑے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کے بعد گولڈی ڈھلون نامی فیس بک اکاونٹ سے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے، تاہم پولیس اس پوسٹ کی سچائی جاننے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔ میڈ سندھو سوشل میڈیا پر میک اپ، فیشن اور لائف اسٹائل سے متعلق مواد کے باعث خاصے مقبول تھے، جبکہ انہوں نے متعدد پنجابی فلموں میں بھی کام کیا تھا۔ پولیس نے حملہ آوروں کا سراغ لگانے اور قتل کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے۔
News Source: Express News
Tags
Entertainment