کراچی کے سائیٹ ایریا کی گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، آگ تیسرے درجے کی قرار

News Image

کراچی میں سائیٹ ایریا حبیب چورنگی کے قریب واقع ایک گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ کو فائر بریگیڈ نے تیسرے درجے کی قرار دے دیا ہے۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں، 2 واٹر باوزر اور ایک اسنارکل امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ سائیٹ ایریا کی اس فیکٹری میں لگی جہاں ڈائپرز تیار کیے جاتے ہیں، جبکہ فیکٹری میں بڑی مقدار میں پلاسٹک دانہ موجود ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔ تاہم اب آگ کی شدت میں کافی حد تک کمی آ چکی ہے اور جلد ہی اس پر مکمل قابو پا لیے جانے کا امکان ہے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق آگ نان وون فیبرک پلانٹ میں لگی، جہاں زیادہ تر فیبرک پی پی فائبر سے تیار کیا جاتا ہے اور اس مقصد کے لیے پلاسٹک کے دانے استعمال کیے جاتے ہیں۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے دوران فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ واٹر کارپوریشن کے پانچوں ہائیڈرنٹس سے فائر بریگیڈ کو مسلسل پانی مہیا کیا جا رہا ہے۔ ہائیڈرنٹس سیل کے انچارج فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، جبکہ مزید ٹینکرز بھی فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیے گئے ہیں۔ کے ایم سی فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے میں لگی ہوئی ہیں، جبکہ پولیس، رینجرز اور دیگر امدادی ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں۔ آخری اطلاعات کے مطابق خوش قسمتی سے آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم فوری طور پر آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم

⚡
YourBolt AI
✖
Assalam o Alaikum! Main YourBolt AI hoon. Kuch bhi poochein — Roman Urdu mein jawab dunga.