
ایک سائنسی تحقیق میں وزن کم کرنے والی جدید ترین دوا سامنے آئی ہے جو جلد کے نیچے موجود چربی کو ختم کر کے چند ماہ میں زیادہ وزن والے افراد کا پیٹ نمایاں طور پر کم کر سکتی ہے۔ امریکی محققین کا کہنا ہے کہ یہ انجیکشن جسم کے ان حصوں کو سنوارنے کے لیے لائپوسکشن جیسے کاسمیٹک طریقوں کا متبادل بن سکتا ہے جہاں ضدی چربی جمی ہوتی ہے۔ سب سے اہم بات یہ سامنے آئی کہ یہ دوا اندرونی اعضا کے گرد جمی خطرناک چربی یعنی ویسرال فیٹ کو بھی کم کرتی ہے، جو ہارٹ اٹیک، ذیابیطس اور فالج کے خطرات کو بڑھا دیتی ہے۔ تحقیق کے مطابق مونجارو یا ویگووی کے استعمال کے بعد اس نئی دوا پر منتقل ہونے سے وزن کو دوبارہ بڑھنے سے روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔ یونیورسٹی آف الاباما کے ماہرین نے بتایا کہ سی بی ایل 514 نامی اس نئی دوا نے 70 فیصد مریضوں میں جلد کے بالکل نیچے جمی چربی میں واضح کمی کی۔ اس تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ سی بی ایل 514 کو ٹیرزیپٹائڈ (مونجارو) کے ساتھ ملا کر استعمال کرنے سے وزن کم کرنے کے اثرات مزید بہتر ہو گئے۔ یہ نتائج میلان میں یورپی ایسوسی ایشن فار دی اسٹڈی آف ڈائبیٹیز کے سالانہ اجلاس میں پیش کیے گئے۔ ڈاکٹر ٹموتھی گاروی کے مطابق اگرچہ مریض پیٹ چپٹا ہونے جیسے ظاہری فائدوں سے خوش ہوں گے، لیکن اصل اہمیت اندرونی چربی، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول میں بہتری کی ہے جو انسانی صحت کے لیے سب سے زیادہ مفید ہے۔
News Source: Express News