
ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ملازمت پر پیش آنے والے صنفی امتیاز کا دائرہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ایجنٹس تک بڑھ سکتا ہے۔ یونیورسٹی آف لمرکس میں کی گئی ایک تحقیق میں سائنس دانوں کو معلوم ہوا کہ ورچوئل ریئلٹی آفس میں کام کرنے والے انسان مرد اے آئی ایجنٹس کو ان کی خواتین اے آئی ایجنٹس کے مقابلے زیادہ معاوضہ ادا کریں گے۔ اگرچہ اے آئی اسسٹنٹس کی بنیادی ٹیکنالوجی ایک جیسی ہی ہوتی ہے لیکن تحقیق میں دیکھا گیا کہ خواتین اے آئی ایجنٹس کو ایک جیسا کام مکمل کرنے پر مرد اے آئی بوٹس سے تقریباً 10 فی صد کم معاوضہ دیا گیا۔ تحقیق کی شریک مصنفہ ڈاکٹر میری ہاوسفیلڈ کا کہنا تھا کہ تشویش ناک بات یہ ہے کہ ان اے آئی ایجنٹس کی بنیاد ایک ہی ٹیکنالوجی ہے لیکن لوگ ان سے ایک جیسا برتاو نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ عموماً اے آئی کو غیر جانبدار تصور کرتے ہیں لیکن جس طرح ہم ان سسٹمز کو ڈیزائن اور پیش کرتے ہیں، اس سے وہ خیالات اور جھکاو عمل میں آ سکتے ہیں جو دیگر لوگوں کے ساتھ ہماری گفتگو میں ہوتے ہیں۔
News Source: Express News