پاک امریکا تجارتی معاہدے کی اہم تفصیلات سامنے آ گئیں

News Image

پاکستان اور امریکا کے درمیان طے پانے والے تجارتی معاہدے کی اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں جبکہ دونوں ممالک کے تجارتی معاہدے کے نکات قومی اسمبلی میں پیش کر دیے گئے۔ وزارت تجارت نے پاک امریکا تجارتی معاہدے کے اہم نکات ایوان میں پیش کیے۔ وزارت تجارت نے بتایا کہ امریکا نے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ امریکا نے تانبا، لوہا، فولاد اور ایلومینیم کی درآمد پر 50 فیصد ٹیکس عائد کیا ہے، جبکہ امریکا نے ریفائن تانبے کو 50 فیصد ٹیکس سے مستثنی قرار دیا ہے۔ وزارت تجارت نے کہا کہ پاکستان کے لیے امریکا کو ریفائن تانبے کی برآمد سودمند ثابت ہو گی۔ پاکستان تانبے کے ذخائر رکھنے والا دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے، پاکستان کو عالمی سطح پر معدنیات کے بااعتماد سپلائر کے طور پر متعارف کرائیں گے۔ حکومت پاکستان کے ورکنگ گروپ اور اسٹیرنگ کمیٹی نے امریکا سے بات چیت کی ہے۔ وزارت تجارت نے بتایا کہ وزیر خزانہ کی زیر سربراہی اسٹیرنگ کمیٹی نے تین نکاتی حکمت عملی وضع کی ہے، جس کا مقصد پاکستانی برآمدات پر اثرات کم کرنا ہے۔ پاکستان امریکا کا تجارتی خسارہ کم کرنے کے لیے درآمدات میں اضافہ کرے گا۔ وزارت تجارت نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کی حکومتیں مصنوعات پر ٹیکسوں کے بارے میں بات چیت کریں گی۔ کم ٹیکس والی پاکستانی مصنوعات کو امریکی منڈیوں تک بہتر رسائی دی جائے گی، جبکہ غیر محصولاتی رکاوٹوں کا جائزہ لے کر انہیں ختم یا نرم کیا جائے گا۔ وزارت تجارت کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان فریم ورک پر اتفاق ہو گیا ہے اور امریکا نے پاکستانی برآمدات پر ٹیکس 29 فیصد سے کم کر کے 19 فیصد کر دیا ہے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم

⚡
YourBolt AI
✖
Assalam o Alaikum! Main YourBolt AI hoon. Kuch bhi poochein — Roman Urdu mein jawab dunga.