ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے لیے براہ راست رسائی حاصل کرنے والی 10 ٹیمیں سامنے آ گئیں

News Image

ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے لیے دو میزبان ممالک سمیت 10 ٹیموں نے براہ راست رسائی حاصل کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تین میں سے دو میزبان ممالک جنوبی افریقا اور زمبابوے کے علاوہ 30 ستمبر 2026 تک آئی سی سی رینکنگ میں سرفہرست رہنے والی 8 ٹیموں نے ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا ہے۔ براہ راست جگہ بنانے والی ٹیموں میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، انگلینڈ، سری لنکا، افغانستان اور بنگلادیش شامل ہیں، جبکہ دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو کوالیفائنگ راونڈ کھیلنا پڑے گا۔ ورلڈ کپ 2027 میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں شرکت کریں گی اور سیمی فائنل سے قبل تین مختلف مراحل کھیلے جائیں گے۔ پہلا مرحلہ (سپر سیریز): اس مرحلے میں کوالیفائنگ راونڈ کی رنر اپ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی اور مجموعی طور پر 3 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس میں سرفہرست رہنے والی ٹیم گروپ مرحلے میں جگہ بنا لے گی۔ دوسرا مرحلہ (گروپ اسٹیج): اس مرحلے میں براہ راست رسائی پانے والی 10 ٹیموں، ایک کوالیفائنگ راونڈ کی فاتح اور ایک سپر سیریز کی فاتح ٹیم کو 6، 6 کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ دونوں گروپس میں راونڈ رابن طرز پر 30 میچز کھیلے جائیں گے، جس کے بعد دونوں گروپس کی ٹاپ 3، 3 ٹیموں سمیت مجموعی طور پر چوتھی پوزیشن والی بہترین ٹیم سپر 7 مرحلے میں پہنچے گی۔ تیسرا مرحلہ (سپر 7): سپر 7 کا مرحلہ مکمل راونڈ رابن بنیاد پر ہوگا جہاں کوالیفائی کرنے والی تمام سات ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک میچ کھیلیں گی، اور اس راونڈ میں مجموعی طور پر 21 میچز ہوں گے۔ آئی سی سی نے ممکنہ طور پر سپر 7 کے لیے بھارت، آسٹریلیا، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور سری لنکا کی پری سیڈنگ کر رکھی ہے، تاہم یہ حتمی نہیں ہے اور گروپ مرحلے کے نتائج کے بعد اس میں تبدیلی ممکن ہے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم