
پاکستان سافٹ ویئر ہاوسز ایسوسی ایشن کے مطابق جتا میں 6 اکتوبر کو منعقد ہونے والے آسیو ڈیجیٹل اینڈ اے آئی ایوارڈز 2026 میں پاکستانی ٹیکنالوجی اداروں نے 11 کیٹیگریز میں ایوارڈز جیت لیے۔ ان ایوارڈز میں پاکستانی اداروں کو ڈیجیٹل گورنمنٹ، ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ، بزنس سروسز اور مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز کے شعبوں میں سراہا گیا۔ اس تقریب میں ایشیا اوشیانا کے 26 خطوں سے تعلق رکھنے والے ٹیکنالوجی اداروں نے شرکت کی۔ خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ڈیجیٹل گورنمنٹ ایوارڈ، ریمائر کو ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ ایوارڈ اور سمیٹڑی گروپ لمیٹڈ کو گلوبل بزنس سروس ایوارڈ ملا۔ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سکیور بینز نے اے آئی ان سائبر سکیوریٹی ایوارڈ، پلانیٹ بیونڈ پاکستان نے اے آئی فار پبلک گڈ ایوارڈ اور کیئر نے اے آئی ان ایجوکیشن کا اعزاز حاصل کیا۔ ڈی ایکس ویژن اے آئی نے اے آئی ان ہیلتھ کیئر ایوارڈ جبکہ سیبرڈ نے اے آئی ان سمارٹ ایگری کلچر ایوارڈ اپنے نام کیا۔ یونیکریو سلوشنز نے اے آئی ان فنانشل سروسز ایوارڈ، گیک ان پرائیویٹ لمیٹڈ نے اے آئی ان ورک فورس اینڈ فیوچر سکلز اور سمارٹ آئی ایس پرائیویٹ لمیٹڈ نے اے آئی ان مینوفیکچرنگ اینڈ سپلائی چین ایوارڈ حاصل کیا۔ پشا کے وفد نے تقریب میں شرکت کی جس میں چیئرمین ڈاکٹر شعیب اے خان، آسیو کے وائس چیئرمین اور پشا کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن محمد زہیب خان اور منیجر اسپیشل انیشیٹوز زین طارق شامل تھے۔ پشا کے چیئرمین ڈاکٹر شعیب اے خان نے کہا کہ یہ ایوارڈز پاکستان کے ٹیکنالوجی سیکٹر کی جدت اور صلاحیتوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 11 کیٹیگریز میں یہ پہچان پاکستانی اداروں کی طرف سے کیے جانے والے ڈیجیٹل تبدیلی اور مصنوعی ذہانت کے کام کے دائرہ کار کو ظاہر کرتی ہے۔ آسیو انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی انڈسٹری ایسوسی ایشنز کی ایک فیڈریشن ہے جو ایشیا اور اوشیانا کے خطوں کی نمائندگی کرتی ہے۔ اس کے سالانہ ایوارڈز خطے بھر میں ڈیجیٹل جدت، تکنیکی ترقی اور آئی ٹی کے فروغ کو تسلیم کرتے ہیں۔
News Source: Express News